تعمیراتی منصوبوں پہ کام مزید تیز کرنے کی ہدایت
صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمودالعتیبی نے جامعہ کے نیوکیمپس میں تعمیراتی منصوبوں پہ جاری کام کا جائزہ لیا اور مرکزی دروازے کی توسیع کی غرض سے نو تعمیر شدہ انٹری گیٹ کا بھی دورہ کیا ۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر این بی جمانی (نائب صدر ، انتظامیہ و مالیات) اور پروفیسر ڈاکٹر ایاز افیسر (نائب صدر ، تدریسی امور ) بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پراجیکٹ و پلاننگ ، ہارٹیکلچر اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے افسران اور سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔
صدر جامعہ نے مرکزی دروازے کے سامنے لنک روڈ کا بھی دورہ کیا اور اس سلسلے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون کو سراہا۔ متعلقہ عہدیداروں نے انہیں مرکزی گیٹ پر سیکورٹی کے انتظامات اور بلا تعطل ٹریفک کے بہاو سمیت دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔
صدر جامعہ نے اس موقع پر کہا کہ سہولیات کی فراہمی ، جامعہ کے کیمپس کو خوبصورت بنانا اور یونیورسٹی کی اعلی تدریسی و تحقیقی ترقی اولین ترجیحات ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ اس مقصدکے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کرےگی۔ ڈاکٹر ھذال نے کیمپس میں تعمیراتی منصوبوں کے دورے کے دوران اس بات پر زور دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام تعمیراتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل ہوں۔
انہوں نے انجینئرنگ بلاک ، میڈیکل بلاک اور لائبریری کے نئے بننے والے بلاک کے دورہ کے ساتھ ساتھ شعبہ ٹرانسپورٹ کا دورہ بھی کیا اور یونٹ میں ورکشاپ اور ٹرانسپورٹ مینجمنٹ کا جائزہ لیا۔
صدر جامعہ نے میل کیمپس کے ہاسٹلز کے دورے کے دوران ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے معاملات میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے اور زور دیا کہ کیمروں کی ذریعے سکیورٹی کو یقینی بنایا جاے جبکہ ہاسٹل کے باہر کی جانب والے علاقے کے جنگلوں پر تار کی تنصیب کا جلد از جلد انتظام کیا جائے۔ انہوں نے ہاسٹلز اور میس میں حفظان صحت کے ماحول اور صفائی کی موجودگی پر بھی زور دیا۔
صدر جامعہ نے نے خواتین کیمپس میں تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا جہاں انہیں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے لیے بنائے جانے والے بلاک کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ انہوں نے یونیورسٹی کی انفراسٹرکچر کی ضروریات کو پورا کرنے کے کے لیے مختص ایک بلاک کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
صدر جامعہ نے ان جاری تعمیراتی منصوبوں کے انجینئرز اور متعلقہ یونیورسٹی افسران کو ہدایت کی کہ کیمپس میں توسیع اور اپ گریڈیشن منصوبوں پر کام کو تیز کیا جائے جبکہ معیار کے ساتھ بھی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلاک یونیورسٹی کی فیکلٹیوں کی انفراسٹرکچر کی ضروریات کو پورا کریں گے جبکہ لائبریری اور میڈیکل سینٹر کے نئے بلاک بھی قیمتی اضافہ ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا نئے تعمیر کردہ بلاکس لیبارٹری سہولیات کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے ۔