قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے صدراسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں جانب سے شعبہ تعلیم میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیصل مسجدکیمپس میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں عہدیداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جامعہ اور قازقستان کی جامعات مل کر عالمی ترقی ، امن اور خوشحالی کے لیے مذاکرات اور مباحثے کا انعقاد کریں جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ دوران ملاقات فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت اور اس ضمن میں دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیا الحق بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سفیر نے اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوے قیام امن اور اعلی معیاری تعلیم کے لیے جامعہ کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی یونیورسٹی اور قازقستان کی جامعات کے مابین تعلقات کو وسعت و فروغ دینے میں ہرممکن تعاون فراہم کریں گے۔
صدر جامعہ نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم دنیا کی جامعات اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے کے لیے ایک جامع پالیسی وضع کرنے میں کردار ادا کریں۔صدر جامعہ نے مزید کہا کہ اسلامی یونیورسٹی پیغام پاکستان جیسے بیانیے کی تشکیل کے ذریعے عالمی امن کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور صبر امن اور سلامتی کی ترویج کے لیے ہمہ وقت دستیاب اور سرگرم ہے ۔ ڈاکٹر ھذال نے اس موقع پر جامعہ کی سرگرمیوں ، تحقیق بارے آگاہ کرتے ہوے یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف بھی بیان کیا۔بعد ازاں ، سفیر نے ادارہ تحقیقات اسلامی میں حمید اللہ لائبریری اور تصویری گیلری کابھی دورہ کیا جبکہ ڈاکٹر محمد ضیا الحق نے انہیں ادارہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔
IIUI mission is to transform the society by promoting education, training, research, technology, and collaboration for reconstruction of human thought in all its forms on the foundations of Islam.