بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں جمعہ کے روز 6 ستمبر کویوم دفاع پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پرمنایاگیا جہاں یونیورسٹی کے اساتذہ و طلبہ نے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی قیادت میں کشمیری عوام کے حق میں خواتین اور مردوں کے کیمپس میں ریلیاں نکالیں۔
حکومت پاکستان نے یوم دفاع پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی ہدایت کی تھی ، جس پر یونیورسٹی میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ریکٹر و صدر جامعہ کے علاوہ یونیورسٹی کے ڈینز ، ڈائریکٹر جنرلز، فیکلٹی ممبران ، افسران و سٹاف اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی جارحیت کے خلاف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ انہوں نے اس موقع پر کشمیریوں کی آزادی کے حق میں اور کشمیر میں جاری بھارتی جبروتشدد کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے اپنے عزم کو دہرایا کہ اسلامی یونیورسٹی کشمیریوں کے حق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جاری بھارتی جرائم کو روکا جائے اور عالمی طاقتیں نہتے کشمیریوں کے خلاف نسل کشی کی سازش کو ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی ریاستوں کے لیے مزاحمت کی راہیں کھول دیں ہیں اور اب جلد اس ملک کا شیرازہ بکھر جائے گا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پوری امت مسلمہ کی توجہ کا متقاضی ہے ،جامعات مسئلہ کشمیر کے موضوع پر کانفرنسوں اور سیمنارز کا انعقاد کریں ۔ انہوں نے کشمیریوں کے مصائب کے خاتمے اور ان کے حق کے حصول کے لیے پاکستانیوں کاجذبہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد اور خدا پر یقین کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی، جامعات مسئلہ کشمیر کے موضوع پر کانفرنسوں اور سیمینارز کا انعقاد کریں۔