اسلامی یونیورسٹی  :بین الاقوامی ڈپلومہ برائے ذہنی صحت ، قانون و انسانی حقوق کی تقریب تقسیم اسناد

 بین الاقوامی چ یونیورسٹی کے زیر اہتمام “بین الاقوامی ڈپلومہ برائے ذہنی صحت ، قانون و انسانی حقوق ” کی تقریب تقسیم اسناد یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں 27 شرکاء کو ڈیڑھ سالہ خصوصی کورس کی اسناد عطا کی گئیں۔

 

اس ڈپلومہ کا انعقاد اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات اور شعبہ قانون کے تعاون سے کیا گیا تھاجس میں ان دونوں شعبوں کو عالمی ادارۂ صحت کا تکنیکی تعاون بھی حاصل رہا ۔ اس تقریب میں جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، نائب صدر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی ، شعبہ قانون کے سربراہ ڈاکٹر حافظ عزیز الرحمن اور دونوں شعبہ جات دیگر فیکلٹی ممبران سمیت ڈپلومہ  کے طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ عصر حاضر کے مسائل کا حل اور ترقی کا راز بین المضامین  تحقیق میں پنہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ جات کے مابین تعاون  فیکلٹی کو ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرتا ہے  اور یہی اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں کچھ ہٹ کر سوچنے کا رجحان پیدا کرنا ہو گا اور یہ بین المضامین سرگرمیوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ دورِ حاضرمیں  ٹیکنالوجی کا راج ہے۔ اور اس کے مختلف ٹولز جیسے موبائل اور کمپیوٹر کے استعمال سے نوجوان نسل میں ذہنی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے کورسز اور ڈپلومہ فی زمانہ نفسیاتی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ تقریب سے ڈاکٹر طاہر محمد خلیلی نے بھی خطاب کیا اور ڈپلومہ کے مقاصد اور نتائج کے بارے میں شرکاء کا آگاہ کیا۔