مقصدسماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جامعہ بارے معلومات عام کرنا ہے، ناصر فرید
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ نے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے طلبا کی سہولت اور یونیورسٹی کے حوالے سے معلومات کو عام کرنے کے لیے ”نیو میڈیا“ ڈیسک قائم کر دیا ہے،جس کا افتتاح صدرِ جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے قائم کردہ اس خصوصی ڈیسک پر افسران کی ٹیم کے زیر نگرانی سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا ویب سائٹس اور پورٹلز پر جامعہ کی نمائندگی اور ان کے موثر استعمال کے لیے جامع پالیسی وضع کی جائے گی۔
ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ناصر فرید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد نعمان نے ڈاکٹر یوسف الدرویش کو حالیہ دنوں سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر جامعہ کی طرف سے شروع کی گئی داخلہ مہم پر بریفینگ دی۔ ناصر فرید نے بتایا کہ جلد ہی شعبہ تعلقات عامہ اپنے یوٹیوب چینل کو مونیٹا ئزئشن پالیسی کے ذریعے جامعہ کے لیے اخراجات پورے کرنے کا ذریعہ بناے گی۔ صدرِ جامعہ نے اس موقع پر قلیل مدت میں فیس بک پیج پر کامیاب داخلہ مہم چلانے اور اس سے دو لاکھ کے قریب افراد کو مستفید کرنے پر شعبہ تعلقات عامہ کی تعریف کی اور جامعہ کے آفیشل یو ٹیوب چینل کا بھی افتتاح کیا۔صدرِ جامعہ کو دی گئی بریفینگ میں بتایا گیا کہ کسی بھی پاکستانی پبلک سیکٹر یونیورسٹی میں اس قدر تفصیلی کام کا باقاعدہ آغاز کرنے والا یہ پہلا ڈیجیٹل اینڈ سوشل میڈیا ڈیسک ہو گا جس پر جامعہ کے میڈیا کے طلبہ کو بھی کام کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ آئندہ پیشہ وارانہ زندگی میں ٹیکنالوجی و انفارمیشن کی تبدیلیوں اور ترقی سے نپٹنے کے لیے بھی تیار ہوں۔
اس موقع پر سربراہ تعقات عامہ ناصر فرید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد نعمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر الحسن نے صدرِ جامعہ کو یقین دلایا کہ شعبہ ہ تعقات عامہ عصر حاضر کی ترقی کے مطابق ذرائع کے موثر استعمال کے ذریعے جامعہ کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔