سعودی عرب کے اعلیٰ وفد کا دورہ اسلامی یونیورسٹی، صدر جامعہ و دیگر اعلیٰ عہدیدران سے ملاقات

سعودی عرب کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے بدھ کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس کا دورہ کیا جہاں وفد نے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور دیگر اعلیٰ عہدیدران سے ملاقات کی جس میں اسلامی یونیورسٹی اور سعودی جامعات کے مابین جاری دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وفد میں سعودی وزارت داخلہ ،وزارت تعلیم، وزارت حج اور دیگر وزارتوں کے اعلٰی حکام شریک تھے جن کی قیادت پا سپورٹ ،امیگریشن کے محکمے کے سربراہ جنرل سلمان الیحیٰ کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شاندار علمی ، تعلیمی اور ثقافتی روابط قائم ہیں، بین الاقوامی اسلا می یونیورسٹی اس کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے وفد کو جامعہ کی تدریسی سرگرمیوں سمیت امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے جامعہ کے کلیات اور ذیلی اداروں کے ترتیب دیے گئے مباحثوں ، کانفرنسوں اور سیمینارز کے حوالے سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا۔ صدر جامعہ نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ مسلم دنیا کی نشاة الثانیہ میں اہم کردارادا کر سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلامی یونیورسٹی ایک جامع پروگرام کے تحت کام کر رہی ہے۔سعودی وفد کے سربراہ جنرل سلمان الیحیٰ نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کا دورہ ان کے لیے یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ انہیں اس جامعہ کا تعلیمی معیار دیکھ کر مسرت ہوئی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلیمی شعبے میں مزید تعاون ہو سکتا ہے۔

وفد نے شاہ فیصل مسجد کے علاوہ یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کا بھی دورہ کیا جہاں وفد کو یونیورسٹی کی تعارفی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ بعد ازاں وفد نے دعوہ اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ جبکہ اس موقع پر ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ضیاءالحق اور دعوہکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن بھی موجود تھے۔