اسلامی یونیورسٹی :ڈاکٹر ایاز افسر کی تصنیف کی رونمائی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی کلیہ زبان و ادب کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ایاز افسر کی تصنیف ” Quranic and biblical narrative discourse: A contemporary Apprwach ” کی تقریب رونمائی جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد کی گئی ۔

جمعرات کے روز رونما ہونے والی اس کتاب کو جامعہ کے ادارہ تحقیقات اسلامی نے شائع کیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر ایاز افسر اسی موضوع پر کئی ایک مقالات تصنیف کر چکے ہیں۔ کتاب کی تقریب رونمائی سے خطا ب کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ یہ کتاب ادب میں ایک قیمتی اضافہ ثابت ہو گی اور عصر حاضر میں ایسی ہی تصانیف کی ضرورت ہے جو آفاقی علوم پر اسلامی تعلیمات کا تاثر ڈالیں ۔ انہوں نے محققین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بین المضامین تحقیق کو فروغ دیں کیونکہ یہی مستقبل میں کامیابی کی بہترین حکمت عملی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب اسلامی یونیورسٹی کے وژن کی بھی عکاس ہے ۔ تقریب سے اپنے خطاب میں صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ دانش گاہوں کی اولین ترجیح بامعنی تحقیق ہونی چاہیے اور کتاب ہذا جیسی قیمتی کاوشوں سے جملہ محققین کو تحریک ملے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیق ہی سے قومیں ترقی کرتی ہیں اور ڈاکٹر ایاز افسر کی تصنیف ایک بہترین مثال ہے جس کے ذریعے تمام درسگاہوں اور تحقیقی برادری کو نیا وژن ملا ہے کہ کس طرح سے اسلام کے خلاف کیے جانے والے پراپیگنڈا کا تدارک کیا جائے ۔ تقریب سے جرمنی سے آئے ہوئے مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر سیبیس چیئن نے بھی کتاب پر تبصرہ کیا ۔ اس تقریب میں جامعہ کے ذیلی ادارے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق مقالہ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین ، ادارہ تحقیقی اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر محمد ضیاءالحق ، شعبہ انگریزی کے استاد و معروف ادیب فرخ ندیم ، شعبہ کی مدرسہ امل سید اور ڈاکٹر اختر عزیز نے بھی کتاب پر تبصرے پیش کیے۔ قبل ازیں شعبہ انگریزی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شیراز نے استقبالی خطبہ دیا اور ڈاکٹر ایاز افسر کی تصنیف پر روشنی ڈالی ۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر ایاز افسر نے اپنی دستخط کردہ کتب طلبہ و قارئین کو تقسیم کیں۔