امریکی منسٹر قونصلر برائے پبلک افیئرز کی ریکٹر اسلامی یونیورسٹی سے ملاقات ،

 

دو طرفہ تدریسی و تحقیق تعاون پر تبادلہ خیال

 

    منسٹر قونصلر برائے پبلک افیئرز کرسٹوفرفٹزجرلڈ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور جامعہ میں قائم لنکن کارنر کے ذریعے پاک – امریکہ عوام کے رابطے کی کاوشوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ کرسٹوفٹر کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ باہمی اشتراک سے ثقافتی وتدریسی پروگراموں سمیت دو طرفہ تعاون کے لیے مذاکراتی نشستوں کے انعقاد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ اسلامی یونیورسٹی کی تدریسی ، تحقیقی اور سماج خدمت کی سرگرمیوں پر بریفنگ کے بعد انہوں نے یونیورسٹی کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین رابطوں کر بڑھانے کے لیے یونیورسٹی کو اہم ذریعہ قرار دیا۔

ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح نوجوانان وطن کو بہترین تعلیم کی فراہمی ہے ، اور جامعہ کے طلباءو طالبات پرامن بقائے باہمی کے پیغام کو لے کر امریکہ سمیت دنیا بھر کے ممالک میں امن کی تعلیم کو عام کرنے کی عزم سے فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ انہوں نے لنکن کارنر کی کاوشوں ، دو طرفہ تعاون اور مستقبل میں اشتراکی منصوبوں کو وسعت دینے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ لنکن کارنر کے ذریعے دونوں ممالک کے ماہرین عمرانیات اورسائنسدانوں کے ویڈیو مذاکرے کرائے جائیں جس کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔ ریکٹر جامعہ نے اس امر پر زور دیا کہ تحقیق و تدریس کے لیے جامعہ دیگر اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔