اسلامی یونیورسٹی میں انرجی سٹوریج ٹیکنالوجی پر ورکشاپ

بین المضامین تحقیق مستقبل کی ترقی کی ضمانت ہے ، ڈاکٹر معصوم

 ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین معصوم زئی نے درسگاہوں اور انڈسٹری کے مابین خلا کو پر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں ترقی کی ضمانت بین المضامین میں تحقیق ہے جس کی ترویج میں جامعات کا کردار کلیدی ہے۔ وہ جمعرات کے روز یہاں اسلامی یونیورسٹی کے لنکن کارنر میں سنٹر فار ایڈوانسڈ ،الیکٹرانکس اینڈ فوٹو والٹائک انجینئرنگ کے زیر اہتمام انرجی سٹوریج سسٹم کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر معصوم نے کہاکہ ایک ہی چھت کے نیچے کئی ایک سائنسدانوں کو اکٹھا کر جامع تحقیق کروانے سے حیرت انگیز نتائج مرتب ہوں گے اور یہی مستقبل میں آگے بڑھنے کی حکمت عملی ہے ۔

   ورکشاپ میں پیکنگ یونیورسٹی کے ڈاکٹر ہونگ منگ، منتظم سنٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد شجاع سید ، جامعہ کے ڈاکٹر ندیم شیخ این سی پی کے ڈاکٹر سلطان اور پی اے ای سی کے ڈاکٹر سیاب خان سمیت عمران مرتضی نے سپرکیپسٹرز ، نینو ٹیکنالوجی انٹرنیٹ اور دیگر موضوعات پر خطاب کیا۔ سیمینار سے جامعہ کے قائمقام صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے بھی خطاب کیا اور انرجی سٹوریج سسٹم میں نئی جہتوں کی تلاش کے لیے جامعہ کے سنٹر اور دیگر ایسے اداروں کے مابین باہمی اشتراک پر زور دیا۔ سنٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرونک اینڈ فوٹو والٹک انجینئرنگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے اپنے خطاب میں انرجی سٹوریج ٹیکنالوجی پر روشنی ڈالی اور سینٹر کے اغراض و مقاصد پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ پروگرام کی میزبان سنٹر کی معلمہ ڈاکٹر ارم جمیل تھیں۔