شرکاءکا فکر اقبال کی روشنی میں امن کے لیے عورت کے کردار پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں یوم اقبال کے سلسلے میں “قیام امن میں عورت(دختران پاکستان ) کا کردار ، فکر اقبال کی روشنی میں” سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار کا انعقاد اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ اردو و دفتر نائب صدر نے اسلامی نظریاتی کونسل کے اشتراک سے کیا۔ خواتین کیمپس میں منعقدہ اس سیمینار میں صدارتی خطبہ دیتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے عورت کا اسلام میں مقام اور معاشرے میں کردار پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے مسلم دنیا کی ترقی میں دختران ملت کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے اسلامی تاریخ کے حوالے سے اپنے خطاب میں امہات کے کردار بھی روشنی ڈالی۔ صدر جامعہ کا مزید کہنا تھا کہ عورت کے کردار کے ذریعے ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں۔ نسل انسانی کی تربیت عورت کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عصر حاضر کے شدت پسندی جیسے چیلنجز سے چھٹکارا دینے میں بھی عورت کا کردار کلیدی ہے ۔
سیمینار میں عورت اور اس حوالے سے علامہ اقبال کا نقط نظر کے موضوع پر صدر شعبہ اردو ڈاکٹر نجیبہ عارف نے اظہار خیال کرتے ہوئے اقبال کے” قومی زندگی“ کے عنوان سے مضمون میں اقتباسات پیش کیے اور ان پر بحث کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر کے قومی المیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اقبال کو صرف نصابی شاعر سمجھ لیا گیا اور ان کے پیغام کی افادیت کھو گئی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر خواتین کیمپس ڈاکٹر فرخندہ ضیاءنے کہا کہ پیغام اقبال کی روشنی میں خواتین کو معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ خواتین ہی معاشرے میں امن کی ترویج اور مثبت تبدیلی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے آئین پاکستان میں خواتین کے حقوق پر بھی روشنی ڈالی۔
سیمینار میں شریعہ اینڈ لاءکی معلمہ ڈاکٹر غزالہ غالب نے بھی اقبال کی تعلیمات اور موضوع کی مناسبت سے مقالا پیش کیا۔