بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادمیں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے تیار کردہ مسجد کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس ضمن میںمنعقدہ تقریب میں اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے شرکت کی۔
مسجد جامعہ کے نیو کیمپس میں اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں تعمیر کی گئی ہے تاکہ ہاسٹل میں مقیم طلباءاستفادہ کر سکیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی امت مسلمہ کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے اور جامعہ میں مسجد کا افتتاح کرتے ہوئے وہ دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ اسلام کے پیغام کی اشاعت اور تعلیم کی بہتری کے لیے جامعہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر الدریویش نے مسجد کے تحفے پر جامعہ کے جملہ عہدیدران و ملازمین کی جانب سے متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور جامعہ اور یو اے ای کے سفارتخانے کے مابین جاری تعاون کو سراہا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش نے اسلامی روایات کی ترویج اور تعلیم کے اعلیٰ معیار کے فروغ کے عزم کو بھی دہرایا۔
اس تقریب میں جامعہ کے نائب صدور ڈاکٹر اقدس نوید ملک، ڈاکٹر محمد بشیر خان، اور دیگر متعلقہ عہدیداران بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر یو اے ای کے ابار خیراتی ادارے کے ڈی جی ہازم الجبوری ، ڈپٹی ڈائریکٹر قدامہ الجبوری اور دیگر عہدیدران بھی موجود تھے۔