صبر کے فروغ اور اسلام کے پیغام امن کی ترویج پرز ور
ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں اور پاکستانی عوام کو ما ہ عظیم کی مبارکباد دیتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی ہے کہ جملہ مسلمین اس ماہ مبارک میں رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حقدار بن جائیں گے۔
اسلامی یونیورسٹی سے جاری مشترکہ پیغام میں ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور ڈاکٹر الدریویش نے کہا ہے کہ ماہ رمضان معاشرتی تربیت اور درستگی کا اہم ذریعہ ہے جس میں نماز کے قائم کرنے سے لے کرزکوة کی تقسیم تک ایک ایک عمل میں بھلائی اور دگنا ثواب ہے ۔ جامعہ کی قیادت نے امت مسلمہ کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس ماہ صیام کے دوران دنیا بھر کو اسلام کے پیغام امن سے روشناس کرانے کے لیے میدان عمل میں آئیں اور ہر کونے تک اسلام کے مثبت تاثر کو پہنچائیں۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ مہینہ اس بات کا متقاضی ہے کہ نادار اور ضعیفوں کو کسی صورت نہ بھولا جائے بلکہ ان کا خیال ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مہینہ دعا کا ہے اور اس میں ملکی سلامتی اور اس مملکت خداداد کے استحکام کے لیے مصروف عمل اس کے رکھوالوں کے لیے بھی دعا کی جائے۔ پیغام میں صبر کی تلقین کی گئی اور کہا گیا ہے کہ روزہ صبر کا درس دیتا ہے ۔ جبر اور تشدد کی نفی کرتا ہے اور اگر اس عظیم پیغام کو عملی طور پر معاشرے میں عام کیا جاجائے تو روزے کے اصل مقاصدر اور برکات سے بہتر طور پر فیض یاب ہوا جا سکتا ہے ۔