صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے یونیورسٹی کے نئے منظور شدہ سٹریٹجک پلان پہ عمل درآمد پر زور دیتے ہوے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ جامعہ کو دنیا کی بہترین جامعات کی صف میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہیں. انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی طرف سے طلبا کے لیے سکالرشپس جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ مزید غیر ملکی اساتذہ کو جامعہ میں لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وہ جامعہ کے نیوکیمپس میں فیکلٹی اور شعبہ جات کے لیے آرگینوگرام و سٹریٹجک پلان کی تیاری کی ایک ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے جسے یونیورسٹی کے شعبہ کوالٹی اشورنس (کیو اے ڈی) نے منعقد کیا تھا. اس ورکشاپ میں جامعہ کے نائب صدور، ڈائریکٹرز جنرل، ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان اور ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی.
صدر جامعہ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سٹریٹجک پلان کی تشکیل اور اس پر عمل آنے والی نسلوں کی قسمت سنوارے گا، ہمیں اس وقت دنیا کے معیارات کے مطابق چلنا ہے اور اسی چیز کو مدنظر رکھ کر یہ پلان تشکیل دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر میں اضافے، جدت کو اپنانے اوربہترین سہولیات کی فراہمی کو جامعہ اولین ترجیح دے رہی ہے. انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق اور لگن کے ساتھ ساتھ انصاف اور ایمانداری سے نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے میں اپنا تن من دھن ہگا دیں. انہوں نے رواں سال جامعہ کی سرگرمیوں اور اہداف کا ذکر کرتے ہوے بتایا کہ فاصلاتی نظام کے لیے پورٹل کی تشکیل، ای آفس کے لیے عملی اقدامات، تربیتی
ورکشاپس اور آرگینوگرام و سٹریٹجک پلان کی منظوری اولین محاصل ہیں جو ان تھک محنت کے بعد ممکن بنے. انہوں نے کہا کہ جملہ عہدیداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے کیو اے ڈی، ایچ آر اور شعبہ آئی ٹی کے ذریعے تربیتی ورکشاپس جلد شروع کر دی جائیں گی. انہوں نے جامعہ کی تحقیق کی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں ہونے والے ہفتہ وار بورڈ کے اجلاسوں کا بھی ذکر کیا. انہوں نے جامعہ کے 2022 تا 2026 تک کے لیے سٹریٹجک پلان کی تیاری اور منظوری کے لیے کام کرنے والی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس کی کاوشوں کو بھی سراہا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کلیات اور شعبہ جات میں بھی ایسے ہی تعاون کا مظاہرہ کیا جاے گا.
ورکشاپ سے نائب صدر تدریس امور ڈاکٹر احمد شجاع سید نے بھی خطاب کیا اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کی کوالٹی اشورینس پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ ڈاکٹر محمد عارف نے اس پلان کا ایک عمومی جائزہ پیش کیا-
قبل ازیں، ڈاکٹر رحمت الٰہی، ڈائریکٹر کیو اے ڈی نے اپنے شعبے کے طریقہ کار، افادیتو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور ورکشاپ کے مقاصد بیان کیے-