باہمی دلچسپی کے امور و ملکی ترقی میں تعلیمی اداروں کے کردار پر تبادلہ خیال
بلوچستان کے گورنر سید ظہور احمد آغا نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے فیصل مسجد کیمپس میں ملاقات کی۔
صدر جامعہ کے دفتر میں بدھ کو ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی ترقی میں تعلیمی اداروں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں عہدیداروں نے اسلامی یونیورسٹی اور بلوچستان کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے ،اعلی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات اور معاشرے کی تعمیر میں یونیورسٹیوں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ،ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے بھی شرکت کی.
اس موقع پر معاشرے کی تعمیر اور خدمت میں اسلامی یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے گورنر نے معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو باہمی تعاون کے ذریعے تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا چاہیے۔ گورنر نے جامعہ میں بلوچستان کی طلبا کے لیے خصوصی اقدامات اور وظائف پر جامعہ کی خدمات کو سراہا۔ پاک سعودی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی کیونکہ دونوں برادار ممالک مثالی تعلقات رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران اسلامی یونیورسٹی کے صدر نے گورنر کو یونیورسٹی کے وژن ، نئے منظور شدہ اسٹریٹجک پلان اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اقدامات اور مستقبل کےا ہداف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور اسلامی یونیورسٹی اس کی حقیقی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بلوچستان کے طلبا کے لیے کوٹہ جیسے اقدامات کے ذریعے بھرپور معاونت فراہم کر رہی جبکہ مسقتبل میں دورراز علاقوں کے طلبا اور حقدار طلبا کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ بعد ازاں گورنر نے ادارہ تحقیقات اسلامی کی پیغام پاکستان اور تاریخ پاکستان کی تصویری گیلریوں کا بھی دورہ کیا جہاں ڈاکٹر ضیا الحق نے انہیں پیغام پاکستان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔