کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبہ کے 50رکنی وفدکادورہ اسلامی یونیورسٹی

 

کیڈٹ کالج مستونگ، بلوچستان کے طلبہ کے 50 رکنی وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر اقدس نوید ملک اور نائب صدر انتظامی امور ڈاکٹر محمد منیر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدران سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وفد کو اسلامی یونیورسٹی کی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور جامعہ کے کلیات ، وظائف، داخلہ کے طریقہ کار اور معاشرے میں کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں شعبہ تدریسی امور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سید نوید احتشام اور مشیر طلباء ڈاکٹر طارق جاوید بھی موجود تھے۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بلوچستان کے طلباء کو ہر سمیسٹر میں خصوصی کوٹہ کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا اعلیٰ تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار سے طلباء و طالبات کو متعارف کرانا اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے ۔ طلباء سے ڈاکٹر محمد منیر نے بھی خطاب کیا  اور انہیں جامعہ کے ذیلی اداروں ، نامور فارغ التحصیل طلبا ء و طالبات اور بین الاقوامی نوعیت کے تدریسی منصوبوں اور تعاون کے معاہدوں بارے آگاہ کیا۔

کیڈٹ کالج مستونگ کے  وفد کی سربراہی اسسٹنٹ پروفیسر ارشاد گل   کر رہے تھے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال اور جامع بریفنگ پر جامعہ کے اعلیٰ عہدیدران کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلباء کو اسلامی یونیورسٹی میں ترجیحی بنیادوں پر داخلوں کی فراہمی ایک قابل ستائش اقدام ہے ۔

بعد ازاں وفد نے جامعہ کی مرکزی لائبریری اور کلیات کا بھی دورہ کیا۔