بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے عمان کے سفیر شیخ محمد عمر احمد المرہون نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ جمعہ کے روز ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلیمی تعلقات کی وسعت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات ڈاکٹر احمد یوسف نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی عمان کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلیمی منصوبوں کے اجراء کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ مسلم دنیا کی جامعات کے ساتھ تعلیمی منصوبوں اور تعاون کے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانا اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے ۔ ڈاکٹر احمد یوسف نے عمانی سفیر کو اسلامی یونیورسٹی کی حالیہ کامیابیوں اور تعاون کی یادداشتوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر عمان کے سفیر نے اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہ کہا اسلامی یونیورسٹی امت مسلمہ کاہم ادارہ ہے جہاں اعلیٰ معیاری تعلیم اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دی جاتی ہے ۔ انہوں نے صدر جامعہ کی خدمات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش مسلم دنیا کی جامعات کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے رابطے کے ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے آخر میں ڈاکٹر الدریویش نے عمانی سفیر کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔