پنجاب کے نگران وزیر صحت،تعلیم ، خوراک و زراعت سردار تنویر الیاس نے ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور اور دوسرے اعلیٰ عہدیدران بھی موجود تھے ۔نگران وزیر صحت نے یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ اسلامی تشخص کے فروغ میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے با مقصد اور اعلیٰ اہداف کو بہت جلد حاصل کر لے گی۔
ریکٹر جامعہ نے نگراں وزیر کو جامعہ کی حالیہ کامیابیوں اور سرگرمیوں بارے تفصیلاً آگاہ کیا اور انہیں امن و سلامتی کی ترویج اور پیغام امن کی اشاعت بارے کانفرنسز و سیمینار بارے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے امت مسلمہ کے نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
ملاقات کے بعدن نگران وزیر زراعت و صحت نے ریکٹر جامعہ اور نائب صدور کے ساتھ یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے مستحق طلبا کیلئے اپنی جیب سے لاکھوں روپے کے فنڈز دینے کا یقین دلایا۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں 20 ہزار پودے سینٹورس کی طرف سے طلبا وطالبات کے ذریعے لگانے کا اعلان کیا جو پہلے ہی سی ڈی اے کے تعاون سے ایک لاکھ پودے اور درخت لگانے کا منصوبہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔