معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کا سرمایہ و کردار اس کی نوجوان نسل ہوتی ہے جس کی گمراہی قوموں کو تباہی کی طرف لے جاتی ہے ۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے نیو کیمپس میں طلبہ طالبات‘ اساتذہ و انتظامیہ کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ قرآن سے ثابت ہے کہ جتنی اقوام تباہ ہوئی ہیں ان کی بربادی کی وجہ نسل کا بگاڑ ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ اور اس کے رسول کی تعلیمات کو اپنا کر اپنی زندگی کو خوبصورت بنائیں ، والدین اور اساتذ ہ کا احترام کریں، اساتذہ کو بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ جس طرح جسم کے لیے پانی اور خوراک کی ضرورت ہے اسی طرح روح و قلب کے لیے اللہ اور اس کے رسول کا ذکر ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخلاق ، عبادات، بھائی چارہ اور برداشت کو اپنا کر زندگی اور معاشرے کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے ۔
قبل ازیں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے مولانا طارق جمیل کا یونیورسٹی آمد پر پرتپاک استقبال کیااورآمد پر شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے جامعہ کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کے معاشرے میں کردار، ترویج امن اور امت کو درپیش چیلنجز کے حل کے حوالے سے خدمات سے آگاہ کیا۔ ۔ نماز جمعہ کے بعد مولانا طارق جمیل کے اعزاز میں ظہرانا دیا گیا جس میں سینیٹر طلحہ محمود ‘سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) افتخار چوہدری ‘ غیر ملکی اساتذہ و علماءکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے مولاناطارق جمیل کو یاد گاری شیلڈ پیش کی ۔