ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا ہے کہ علم ہی اقتصادی ترقی کا دروازہ ہے ، اس وقت تمام تر نگاہیں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ پر مرکوز ہیں، جو نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوہ اکیڈمی اور جامعہ کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے اشتراک سے ترتیب دیے گئے ایک تربیتی پروگرام سے خطاب کے دوران کہی جس میں اقراء ریذینشل کالج کے طلباء نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ فی زمانہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شعبہ تعلیم اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ خرچ کیا جائےکیونکہ مستقبل میں ترقی کی منازل کو طے کرنے کا یہی وژن ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم برداشت اور صبر والی قوم ہیں، دنیا جان لے کہ ہمارا پیغام محبت، ہم آہنگی، بقاے باہمی اور بھائی چارے کی تبلیغ ہے، انہوں نےکہاکہ ملک کے 56 ملین جوان ہی وہ قوت ہیں جو مسائلِ کا حل ہے، انہوں نے کہا کہ شارٹ کٹ کی بجاے نوجوانان عصر ی تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر کے ملک میں استحکام اور ترقی کی راہ کو ہموار کریں، انہوں نے کہا کہ اعلی معیاری تعلیم پر صرف کیا گیا سرمایہ ہمیں مستقبل میں کامیابی کی راہوں سے آشکار کرے گا۔
ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے معاشرے میں امن کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اسلامی یونیورسٹی ابتداء سے ہی نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلام کے پیغام امن سے بھی متعارف کراتی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی بین الثقافتی ماحول کا بہترین نمونہ ہے جہاں کئی ایک ممالک کے طلباء و طالبات تفرقہ بازی سے پاک ماحول میں اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ قبل ازیں اقراء ریذیڈنشل کالج کے 35 رکنی وفد نے بین االاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وفد کی ملاقات ڈاکٹر ملاقات ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے ہوئی جنہوں نے طلباء کو اسلامی یونیورسٹی کے تعارف ، وژن ، مقاصد اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ وفد نے اسلامی یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری ، مختلف شعبہ جات اور بعد ازاں فیصل مسجد کیمپس کا بھی دورہ کیا۔