سعودی عرب کی وزارت تعلیم سے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یہاں منگل کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں وفد اور جامعہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پاک سعودی مضبوط اورگہرے تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے دو طرفہ تعلیمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے جو امت مسلمہ کو بہترین تعلیمی منصوبے فراہم کر سکتا ہے ۔
سعودی وفد کی قیادت شیخ حمد بن ناصر کر رہے تھے ۔ ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصو م یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈکٹر احمد یوسف الدریویش نے نائب صدور اور ڈینز کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ جامعہ کے اعلیٰ عہدیدران و اساتذہ سے ملاقات کے دوران اپنے اظہار خیال میں حمد بن ناصر نے کہا کہ سعودی وزارت تعلیم با معنی اور عملی تعاون کے نئے راستوں کی متلاشی ہے اور اسلامی یونیورسٹی پاکستان میں یہ راستے کھولنے کا اہم باب ثابت ہو گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی جامعات ہی امت مسلمہ کو عصر حاضر کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے یونیورسٹی کے وژن بارے آگاہ کیا اور کہا کہ اسلامی یونیورسٹی امت مسلمہ کو اپنے ایسے سفیر مہیا کرنے کا کام سرانجام دے رہی ہے جو متوازن شخصیات ہوں اور اسلامی اقدار سے خوب متعارف ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں بارے بھی جانتے ہیں۔
صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے جامعہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور اس کے تمام کلیات و ذیلی اداروں کی خدمات بارے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بین الاقوامیت کے مقصد کے حصول کے لیے دنیا بھر کی جامعات کے ساتھ تعلقات استوار کر رہی ہے اور کئی ایک کامیاب تعاون کے معاہدے اس سلسلے کی ایک کڑی ہیں جبکہ 50 سے زائد غیر ملکی اساتذہ بھی جامعہ میں خدمات انجام دے رہیں جن میں مصر، سوڈان، سعودی عرب، الجزائر اور دیگر ممالک کے اساتذہ شامل ہیں۔
اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدور ڈاکٹر محمد منیر، ڈاکٹر اقدس نوید ملک اور ڈاکٹر محمد بشیر خان بھی موجود تھے۔