دعوة اکیڈمی کے۹ویں کتاب میلے کا آغاز ہوگیا، 16اپریل تک جاری رہے گا

 کتاب قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے، ڈی جی آئسسکو عثمان التویجری

 کتاب وعلم کے ذریعے ہی دہشت گردی اور تشدد جیسے رویوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر الدریویش

 دعوہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آبادکے زیر اہتمام۹ ویں سالانہ کتاب میلے کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل اسلامک ایجوکیشنل سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (آئسسکو) ڈاکٹر عبدالعزیز عثمان التویجری اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر دعوة اکیڈمی ڈاکٹر سہیل حسن اور یونیورسٹی کے اعلیٰ احکام بھی موجود تھے۔ کتاب میلہ 16 اپریل تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے 50 سے زائد نامور پبلشرز نے اپنے سٹال سجائے ہیں اور کتب 50% رعایتی قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے عثمان التویجری نے کہا کہ کتاب قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے ۔ صدر جامعہ ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ علم کا حصول تمام مسلمانوں پر فرض ہے اور اس کے بنیادی ماخذ قرآن و سنت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتب انسان کی سماجی ،فکر ی اور معاشرتی تشکیل کرتی ہے اور انسانیت کی تکمیل کتاب سے ہی ممکن ہے۔ عصر حاضر کی جدیدیات نے انسان کو کتاب سے دور کر دیا ہے لیکن دعوة اکیڈمی کے اس کتاب میلے سے کتاب بینی کو فروغ حاصل ہو گاجو نئی نسل کے لیے ازحد ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم معاشروں کو اس وقت منفی پراپیگنڈہ کا سامنا ہے ا ور اسلام کے درست پیغام امن کی ترویج کے لیے لازم ہے کہ مسلم معاشروں میں کتاب دوستی کا رحجان بڑھایا جاے ۔ ان کامزید کہنا تھا کہ کتاب اور علم ہی وہ ذرائع جن کے ذریعے دہشت گردی اور تشدد جیسے رویوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کتاب میلے کے انعقاد پر دعوة اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہا اور ناشرین کو بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں ،ڈاکٹر سہیل حسن نے اپنے افتتاحی کلمات میں تمام شرکاءاور ناشرین کو خوش آمدید کہا اور کتب میلے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دین نے کتاب و قلم کی تعریف کی ہے اور علم ہی امت مسلمہ کا امیتاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں کتاب دوستی اور مطالعہ کا رجحان کم ہورہا ہے۔ دعوہ اکیڈمی کا یہ کتاب میلہ کتاب کلچر کو فروغ دینے میں ممدو معاون ہوگا۔ کتاب شناسی سے ہی انسان نے مادی اور روحانی مدراج طے کیے ہیں ۔ آخر میں انہوں نے کتاب میلے میں عوام اور ناشرین کی پر جوش شرکت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔