بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ منگل کے روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں دعوہ اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے پاکستان کا پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور ، سربراہ دعوہ اکیڈمی ڈاکٹر محمد الیاس، ڈینز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی. اس تقریب میں افواج پاکستان کے افسران بھی شریک ہوے جو ان دنوں دعوہ اکیڈمی کے اسلامی تربیتی کورس میں شریک ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا کہ یوم پاکستان قوم کے اتحاد، یگانگت اور اس سے بے پناہ محبت کا مظہر ہے، آج کا دن پاکستان سے محبت کے اظہار کادن ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی مضبوط اور مثالی پاک سعودی تعلقات کی علامت ہے، ڈاکٹر ھذال نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک جس جرات اور حوصلے سے پاکستانی قوم نے چیلنجز کا سامنا کیا وہ بے مثال ہے. انہوں نے معاشرے کی ترقی میں جامعات کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوے کہا کہ جامعات کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے مشعل راہ کا کردار ادا کرتی ہیں ، انہوں نے اس عزم کو دوہرایا کہ اسلامی یونیورسٹی معاشرےکے لیے خدمات، تحقیق اور بہترین اذہان کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کا سر فخر سے بلند کرے گی۔