جامعات معاشرتی مسائل کے حل اور معیاری تعلیم کی ترویج میں کردار ادا کریں ، ڈاکٹر معصوم
ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ ایشیاءکی پہلی 500 جامعات کی فہرست میں یونیورسٹی کا شمار ایک قابل فخر اور پرمسرت نوید ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستانی جامعات پر زور دیا کہ وہ تدریس و تحقیق میں توازن و معاشرتی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں اور اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بات ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے جامعہ کی ایشیا کی پہلی پانچ سو یونیورسٹیوں میں شمولیت کی خوشی میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر یونیورسٹی کے قائم مقام صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک اور یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والے سیل(کیو ای سی) کے سربراہ ڈاکٹر سعید الحسن چشتی، جامعہ کے نائب صدور ، ڈائریکٹر جنرل،ڈینز ، شعبہ جات کے سربراہان و دیگر متعلقہ عہدیدران بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کا کہنا تھا کہ اب پاکستانی تعلیمی اداروں کا نام بھی بین الاقوامی نقشے پر آرہا ہے جو پریشان کردینے والے حالات میں تازہ ہوا کا ایک جھونکا اور امید کی ایک تابندہ کرن ہے۔ہم توقع کرتے ہیں کہ امید کی یہ کر ن ایک روشن صبح میں تبدیل ہوکر قوم کی قسمت میں ایک بہت بڑی مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ بن جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی خدمت جامعات کا مینڈیٹ ہے اور اسلامی یونیورسٹی نے اس کی بہترین مثال پیغام پاکستان کابیانیہ تشکیل دے کر قائم کر دی ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ تعلیمی ادارے اور خاص طور پر اسلامی یونیوسٹی قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔اور جلد ہی قوم تعلیم میں مثبت تبدیلیوں بارے سنے گی۔ تقریب سے ڈاکٹر سعید الحسن چشتی نے بھی خطاب کیا ، انہوں نے جامعہ کی رینکنگ کی تفصیلات اور طریقہ کارکے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا۔