بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے 11 ویں کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش صدر جامعہ نے کی۔ اس تقریب کا انعقاد جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹر احمد یوسف الدیویش نے 400 کے قریب عہدیداروں میں فرداً فرداً اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ کانووکیشن کے انعقاد کے لیے بنائی گئی جملہ کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے اپنی ان تھک محنت سے یہ ثابت کر دیا کہ جامعہ کا ہر فرد اس کی ترقی کا خواہاں ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کانووکیشن کے کامیاب انعقاد نے یہ بھی سب پر عیاں کر دیا کہ جامعہ صرف درس و تدریس نہیں بلکہ انتظامی امور میں بھی ایسے افراد سے نوازی گئی ہے جو کامیابی کی ضمانت ہیں۔ صدر جامعہ نے کہا کہ کانووکیشن کے دوران جملہ عہدیداروں میں اتحاد کی فضا دیدنی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے وژن پر بھی روشنی ڈالی ۔ تقریب سے نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے خطاب کرتے ہوئے افسران و سٹاف کی حوصلہ افزائی پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسلامی یونیورسٹی کے اہم مواقعوں پر اسی طرح کے جو ش و جذبے کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ تقریب سے نائب صدر خواتین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ ضیاءنے اپنے خطاب میں کانووکیشن کے انتظامات میں خدمات فراہم کرنے والی خواتین کے کردار کو سراہا اور بتایا کہ حالیہ کانووکیشن میں ڈگری حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد مردوں سے بھی زیادہ تھی جو کہ ایک خوش آئند بات ہے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر انتظامی امور خالد محمود راجہ اور ڈائریکٹر امتحانات انعام الحق سمیت انتظامی کیمٹیوں کے سربراہان و ممبران نے بھی شرکت کی۔
IIUI mission is to transform the society by promoting education, training, research, technology, and collaboration for reconstruction of human thought in all its forms on the foundations of Islam.