بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام معروف امریکی مصنف، ڈرامہ نگار اور تھیوریسٹ پروفیسر برائن رینالڈز کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جو کہ فیصل مسجد کیمپس میں ہوئی۔ اس نشست میں برائن نے بچوں پر تشدد اور اقوام عالم کے سامنے ظلم و جبر کا نشانے بننے والی اقوام کے کرب اور اپنے مشہور زمانہ ڈرامہ نبی صالح پر گفتگو کی۔ اس ڈرامہ میں انہوں نے فلسطین میں جاری جبر وتشدد کو ایک کم سن لڑکی کی آنکھ سے دکھایا ہے اور دنیا کی طرف سے خاموشی پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے انسانی معاشرے میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور یہ کسی بھی تبدیلی کا سب سے پہلے اثر لیتے ہیں، کسی بھی تھیوری یا معاشرتی نظریے کی تشکیل میں ان کی پوزیشن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اس پروگرام میں ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے خصوصی شرکت کی، انہوں نے کہا کہ تھیٹر قدیم یونانی روایت ہے جو ایک طویل عرصے سے انسان کے ان جذبات کے اظہار کا مظہر ہے جو کہیں دب جاتے ہیں یا ان کو نظر انداز کیا جا رہا ہوتا ہے۔ انہوں نے لیکچر کا حوالہ دیتے ہوے کہا کہ برائن کے کام کا عملی اطلاق مقبوضہ کشمیر کے بچوں کی حالت زار پر ہوتا ہے جو پیلٹ گن جیست موذی ہتھیاروں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
ٓاس نشست میں کلیہ زبان و ادب کے ڈین ڈاکٹر ایاز افسر سمیت شعبہ انگریزی کے ڈاکٹر شیراز دستی، ڈاکٹر منزہ یعقوب، نشست کے معاون ڈاکٹر عابد مسعود، دیگر فیکلٹی ممبران اورطلبا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔