کمپلیکس کے مراکز توانائی، بین المضامین تحقیق اور جدید منصوبوں پر کام کریں گے،
نوجوانوںکی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا اولین ترجیح، معیار تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دیں گے، شفقت محمود
تحقیق کا مقصد صرف مقالے تیار کرنا ، نہیں بلکہ معاشرے کی خدمت ہونا چاہیے، ڈاکٹر معصوم
اسلامی یونیورسٹی بین الاقوامیت کے وژن پر عمل پیرا ہے، ڈاکٹر الدریویش
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں الفارابی کمپلیکس برائے تحقیق کا افتتاح وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کیا جہاں انہوں نے کمپلیکس کے تینوں مراکز بین المضامین سنٹر برائے تحقیق ،انکیوبیشن سنٹر اور اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون سے تیار کردہ سنٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرانکس اینڈ فوٹو ولٹائک انجینئرنگ کا دورہ کیا اور ان مراکز کا افتتاح بھی کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہی اولین ترجیح ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید اور مستقبل کی ٹیکنالوجی میں مہارت سے ہی کامیابی کے زینوں تک رسائی ممکن ہے اور اس مقصد میں جامعات کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جامعات کو اسلامی یونیورسٹی کے وژن کی پیروی کرنا چاہیے کیونکہ یہاں مختلف مضامین کے ماہرین و محققین کو ایک چھت تلے مسائل کے حل کے لیے اکٹھا کیاگیا ہے جبکہ آئی ڈی بی کی مدد سے تیار کیے گئے سنٹڑ میں توانائی کے مسائل کے حل کرنے پر بھی کام جاری ہے اور یہی مستقبل میں کامیابی کی راہیں ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزارت جامعہ کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی مستقبل میں کامیابی کی کنجی ہیں اور اسلامی یونیورسٹی کا یہ کمپلیکس اسی وژن کا عکاس ہے جو معاشرے کی ضروریات اور حالیہ مسائل کے حل کے لیے ایک باقاعدہ تعمیری قدم ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستانی نظام تدریس میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا تحقیق کا مقصد صرف تحقیقی مقالے تیار کرنا نہیں بلکہ اس کا اثر معاشرے پر نظر آنا چاہیے تاکہ معاشرتی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے ۔ریکٹر جامعہ نے کہا کہ ہمیں مقامی مسائل کا حل خود تلاش کرنا ہو گا، انہی تحقیقی مراکز اور تھنک ٹینکس کے ذریعے نئی جہتوں کی تلاش کرنا ہو گا۔ انہوں نے اپنے عزم کو دوہرایا کہ الفارابی کمپلیکس کے مراکز جلد قومی مسائل کا حل تلاش کرنے والے مراکز میں شمار ہوں گے۔
تقریب سے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے بھی خطاب کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ بین الاقوامیت کے وژن پر عمل پیرا ہے اور امت مسلمہ اور خصوصاً پاکستان کے نوجوانوں کو عصر حاضر کی نئی تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں سرگرم ہے ۔ انہوں نے یہ کہا کہ جامعہ وزارت تعلیم کی رہنمائی میں جدید منصوبوں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے اقدامات جاری رکھے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں جامعہ اور سعودی تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے لیے بھی اقدامات کو تیز کر دیاگیا ہے ۔
اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور ، سنٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرانکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد شجاع سید ، انکیوبیشن سنٹر کے ڈائریکٹرانجینئر احسن مرزا، سنٹر فار انٹر ڈسپلنری ریسرچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحمید اور دیگر متعلقہ عہدیدران بھی موجود تھے۔