اسلامی یونیورسٹی میں افواج پاکستان کے افسران کے لیے منعقدہ اسلامی تربیتی پروگرام اختتام پزیر

 

       بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے افسران کے لیے منعقدہ 34 واں اسلامی تربیتی پروگرام فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پزیر ہوا۔

     تفصیلات کے مطابق اس ایک ماہ دورانیہ کے کورس میں پاکستان نیوی اور فضائیہ کے 20 افسران نے شرکت کی ۔ پروگرام کی اختتامی تقریب میں اپنے صدارتی خطبے میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش صدر اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ افواج پاکستان پوری امت کا فخر ہیںجو وطن اور دین کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت سرگر م ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں تعلیم کی فراہمی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے ۔ صدر جامعہ نے اکیڈمی کی خدمات کو بھی سراہا ۔ امن کے قیام کے لیے انہوںنے پاکستان حکومت اور افواج کی خدمات کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان امن کے داعی ہیں اور پاک سعودی دوستی لازوال ہے انہوں نے کہا یہ دونوں ممالک ایک ہی چہرے کی دو آنکھیں ہیں ۔ پروگرام میں دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن نے خطاب کرتے ہوئے تعاون اور سرپرستی پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروگرام کے مقاصدسے آگاہ کیا اور کہا کہ ایسے پروگراموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں کورس کوآرڈینیٹر عبدالفرید بروہی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پروگرام کے آخر میں شرکاءکے درمیان صدر جامعہ نے تکمیلی کورس کی اسناد تقسیم کیں۔جبکہ شرکاءکی جانب سے ایک یادگاری شیلڈ بھی صدر جامعہ کو دی گئی ۔