استاد قوم کا معمار اور ترقی کا ضامن ہوتا ہے، ڈاکٹر الدریویش
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر واک کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ،سینئر عہدیدران اور فیکلٹی ممبران و طلباءنے شرکت کی۔
واک کا اہتمام جامعہ کے شعبہ ایجوکیشن نے ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر ثمینہ ملک کی سربراہی میں کیا تھا۔ اس موقع پر طلباءنے اساتذہ کو پھول اور کارڈ پیش کیے ۔ واک کے شرکاءنے اساتذہ کے معاشرے میں کردار اور تعریفوں سے مزین کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
صدر جامعہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو اساتذہ کا احترام کرنے کی تلقین کی اور اساتذہ کو طلبہ کے ساتھ مشفقانہ رویہ اختیار کرنے کے لیے کہا۔ انہوں نے کہا کہ استاد قوم کا معمار اور ترقی کا ضامن ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اساتذہ کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ طلبہ کی تربیت پر مرکوز رکھیں۔ صدر جامعہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود بھی ایک معلم ہیں اور معلمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔