بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اجلاس فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوا۔ جس میں3 افسران کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرے کے ٹکٹ دیئے گئے جبکہ اجلاس نے افسران سے متعلقہ امور بارے قراردادیں پاس کیں اور آئندہ ایسوسی ایشن کے انتخابات کی تاریخ کا تعین کیا گیا۔ اجلاس میں ترقی پانے والے اور نئے آنے والے افسران کو شیلڈز بھی دی گئیں۔
افسران کے اجلاس کی اختتامی نشست کے مہمان خصوصی قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر نوید ملک تھے جبکہ نائب صدر ڈاکٹر محمد منیر سمیت اووا کی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران سمیت جملہ اراکین بھی شریک ہوئے۔
ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے اس موقع پر اپنے خطاب میں افسران کی خدمات کو سراہا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مل جل کر کام کرنے اور جامعہ کی ترقی کے مقاصد کی انتھک پیروی پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر محمد منیر اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افسران جامعہ کی اہم کمیونٹی ہیں جو جامعہ کی ترقی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔ انہوں نے عمرہ ٹکٹ پانے والے افسران کو بھی مبارک دی۔
اجلاس میں اووا کے جنرل سیکرٹری رستم خان نے ایسوسی ایشن کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور اجلاس کے ایجنڈا پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں رواں ماہ کی 29 تاریخ کو ایسوسی ایشن کے انتخابات پر اتفاق کیا گیا۔ ایوان نے ایڈیشنل ڈائریکٹر نزہت زریں کی سربراہی میں 4 رکنی الیکشن کمیشن کی بھی منظوری دی۔