اسلامی یونیورسٹی : سیرت النبیﷺ کے موضوع پر کتب کی نمائش ورکشاپ کا اہتمام

 

ہمارے مسائل کا حل سیرت النبی ﷺ میں ہی پنہاں ہے، زیبدہ جلال

اسلامی یونیورسٹی مرکز سیرت النبی ﷺ کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے ، ڈاکٹر معصوم

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے معاشرے پر زور دیا کہ منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے امن کے فروغ اور مساوات کی ترویج کے لیے کام کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام سیرت النبیﷺ کی تقریبات کے سلسلے میں ” اسلامی معاشرے کی تعمیر نو سیرت النبی ﷺ کی روشنی “کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ اور سیرت النبی ﷺ پر کتب کی نمائش کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر کاکہناتھا کہ پیغام پاکستان بیانیہ پوری قوم کی آواز ہے اور اب حکومت اسے سندھ اور بلوچستان میں لے کر جائے گی جہاں پر سیرت النبیﷺ کی روشنی میں مختلف پروگرامز بھی کیے جائیں گے اور اس بیانیے کی سیرت النبی ﷺ سے حاصل ہونے والی تعلیمات کی روشنی میں ترویج پر توجہ دی جائے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ میں ہی ہمارے مسائل کا حل پنہاں ہے اور جامعات کا کردار رحمت العالمینﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے میں کلیدی ہے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے سیرت النبی ﷺ کا ذکر کرتے ہوئے معاشرے میں کردار ادا کرنے کے لیے مرد اور عورت کے حقوق پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے ادارہ تحقیقات اسلامی کی جانب سے ترتیب دی گئی سیرت النبی ﷺ میں نایاب کتب کی نمائش کی بھی تعریف کی۔

اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو سیرت النبی ﷺ سے حاصل ہونے والی تعلیمات پر دوبارہ سے کھڑا کیا جانا چاہیے اور ان کا اطلاق سکولز اور جامعات کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں میں عملاً ہونا چاہیے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی مرکز سیرت النبی ﷺ کی تشکیل کے لیے متحرک ہے اور جلد ہی اس ضمن میں بامعنی پیش رفت ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرکز میں پوسٹ ، پی ایچ ڈی فیلو شپ کے ذریعے محققین کولایا جائے گا۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش صدر جامعہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات دوسروں کے لیے اچھا سوچنے ، حسن حلق، امن کی ترویج اور تشدد سے دوری کا درس دیتی ہیں اور انہی میں عصر حاضر کے مسائل کا حل ہے ۔ انہوں نے نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی عصر حاضر کے مسائل کے حل سے مطابقت پر گفتگو کی۔ انہوں نے جامعات اور محققین پر زور دیا کہ وہ دین اسلام کی اصل تعلیمات کو دنیا میں عام کرنے میں کردار ادا کریں۔

        اس موقع پر ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیاءالحق نے ورکشاپ اور نمائش کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور پیغام پاکستان کی تشکیل اور اس کی تاریخ پر گفتگو کی۔ اس موقع پر صدر جامعہ ڈاکٹر اقدس نوید ملک، ڈائریکٹر انتظامیہ خالد محمود راجہ اور اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ زبیدہ جلال نے سیرت النبی ﷺ پر کتب کی نمائش کا افتتاح کیا ۔ یہ نمائش آئندہ 7 روز تک فیصل مسجد کیمپس کی حمید اللہ لائبریری میں جاری رہے گی۔