اسلامی یونیورسٹی: دعوہ اکیڈمی کے زیر اہتمام ائمہ و خطباء کےاسلامی تربیتی پروگرام کا افتتاح

       بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی کے زیر اہتمام پاکستان کے ائمہ و خطباء کے لیے منعقدہ97 ویں اسلامی تربیتی پروگرام کا فیصل مسجد کیمپس میں منگل کے روز  افتتاح ہوا جس کی صدارات صدر جامعہ ڈاکٹراحمد یوسف الدریویش نے کی۔

تفصیلات کے مطابق اس تین  ماہ دورانیہ کے کورس میں پاکستان کے تمام علاقوں سے 25 ائمہ و خطبا ء  نے شرکت کی ۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں اپنے صدارتی خطبے میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش صدر اسلامی یونیورسٹی نے کہا مسلم معاشرے میں مسجد بنیادی ادارہ  ہے   اور علماء، اسلام کے آفاقی پیغام کے ذریعے  قلوب اذہان کی تطہیر  سے معاشرہ کو امن  وسکون اور خوشحالی کا گہورارہ بنا سکتے ہیں ۔علماء عصر حاصر کے مسائل کے حل کے لیے امہ کی رہنمائی فرمائیں۔  انہوں نے کہا کہ  قرآن و سنت کی روشنی میں تعلیم کی فراہمی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے ۔ صدر جامعہ نے اکیڈمی کی خدمات کو بھی سراہا ۔ امن کے قیام کے لیے علماء بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پروگرام میں دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن نے خطاب کرتے ہوئے تعاون اور سرپرستی پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروگرام کے مقاصدسے آگاہ کیا اور کہا کہ ایسے پروگراموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں کورس کوآرڈینیٹر حافظ محمد ظہیر نے  بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعوۃ اکیڈمی ایک سال میں  تین ماہ  دورانیہ کے تین پروگرام جاری کرتی ہے  جن میں سے ایک افواج پاکستان کے افسران  اور دو سول ائمہ و علماء کے لیے ترتیب دیے جاتے ہیں۔