صدر جامعہ نے اکیڈمی کے زیر اہتمام فیصل مسجد میں حفظ القرآن کے مقابلوں کا جائزہ لیا
بےن الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی کے زیر اہتمام خیبر پختوانخواہ کے اساتذہ کے لیے ترتیب کردہ 85 واں اسلامی تربیتی پروگرام بدھ کے روز فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پزیر ہوا۔ کورس شرکاءسے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اساتذہ وہ اہم لوگ ہیں جو امت مسلمہ کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور انہی پر مسلم ممالک کی نگاہیں مرکو ز ہیں کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جو نوجوان اذہان کی بہترین تعلیم آبیاری کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ استاد کو طلباءکے لیے ایک کامل نمونہ ہونا چاہیے تاکہ اس کی پیروی کرتے ہوئے نوجوانان معاشرے کی تعمیر میں بہترین کردار ادا کریں ۔ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ اساتذہ تدریسی ، نصابی اور ٹیکنالوجی کے ضمن میں ہونے والی تبدیلیوں اور جدت سے آگاہ رہیں تاکہ وہ نوجوانوں کو دنیا کے ساتھ ترقی کی دوڑ میں برابر طور پر شامل رہنے میں مدد دے سکیں۔ اس موقع پر اکیڈمی کی شعبہ تربیت کے انچارج ڈاکٹر محمد شاہد رفیع نے کورس کے اغراض و مقاصد اور دیگر تفصیلات بارے آگاہ کیا۔ جبکہ انہوں نے کورس شرکاءکو تکمیل پر مبارکباد بھی دی ۔ قبل ازیں کورس کے معاون حافظ احمد حماد نے کورس کے حوالے سے شرکاءکو بریفنگ دی ۔ تقریب کے آخر میں صدر جامعہ نے شرکاءمیں تکمیلِ کورس کی اسناد تقسیم کیں۔ دریں اثنا صدر جامعہ نے اکیڈمی کے زیر اہتمام فیصل مسجد میں حفظ القرآن کریم کے مقابلوں کا بھی جائزہ لیا اور خوش لہن قراءکی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔