اسلامی یونیورسٹی اور چین کی شین زن یونیورسٹی کے مابین باہمی تعلیمی تعاون پر اتفاق، دو طرفہ تعاون سے مشترکہ ڈگری پروگراموں کے اجراءپر تبادلہ خیال

تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے مابین حائل خلا کو پر کرنے میں جامعات کا کردار اہم ہے ، ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

 سی پیک کے اثمار سے مستفید ہونے کے لیے پاک چین جامعات کے مابین روابط کو بڑھایا جائے،ڈاکٹر الدریویش

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور چین کی شین زن یونیورسٹی نے تعلیم ثقافت اور طلباءکے لیے سیکھنے کے بہترین مواقعوں جیسے شعبہ جات میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے ۔

جمعرات کے روز اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں دونوں جامعات نے باہمی اتفاق سے ایک دستاویز پر دستخط کیے جس کے تحت مشترکہ ڈگری پروگراموں، معلومات کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبہ جات ، کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر بحث کی جائے گی اور اس ضمن میں باقاعدہ ڈھانچے کی تشکیل کے لیے باہمی اشتراک سے کوششیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر چینی تعلیمی وفد کی سربراہی شین زن یونیورسٹی کے صدر پروفیسر لی کنگ کوآن کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ چینی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انٹرنیشنل ایکسیلینس ، کمپیوٹر سائنسز ، غیر ملکی زبان اور فزکس کے ڈین بھی موجود تھے۔ دوران اجلاس شین زن یونیورسٹی کے صدر اور وفد کے اراکین نے اسلامی یونیورسٹی کی قیادت کو اپنی یونیورسٹی کے مقاصد، وژن، اقتصادی اصطلاحات میں کردار اور مشترکہ غیر ملکی ڈگری پروگراموں کے لیے کاوشوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چینی یونیورسٹی کے صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلامی یونیورسٹی اور شین زن یونیورسٹی کے مابین تعاون تعمیری نتائج کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اشتراک کے لیے اسلامی یونیورسٹی کی کاوشوںکی بھی تعریف کی ۔

     اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹرمعصوم یٰسین زئی نے زور دیا کہ دونوں جامعات کو تجربات کے تبادلوں اور طلباءکو مواقعوں کی فراہمی کے ضمن میں باقاعدہ تفصیلی لائحہ عمل کی تشکیل پر کام کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے کہ وہ غیر ملکی سکالرز و محققین کو اپنے نو تشکیل کردہ بین المضامین مراکز میں کام کرنے کی دعوت دیتی ہے تاکہ ان کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے ۔ ریکٹر جامعہ نے تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے مابین حائل خلا کو پر کرنے میں جامعات کے کردار پر بھی زور دیا جبکہ انہوں نے اس امرمیں بھی دلچسپی کا اظہار کیا کہ شین زن یونیورسٹی اور اسلامی یونیورسٹی کے کلیات میں پڑھائے جانے والے بہت سے مضامین میں مماثلت و مطابقت ہے ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اسلامی یونیوررسٹی باہمی اشتراک اور تجربات کے تبادلوں سے استفادہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ سی پیک کے اثمار سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ پاک چین جامعات کے مابین روابط کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت سے ترقی کی مزید راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ اس اجلاس میں جامعہ کے نائب صدور سمیت ڈینز ، ڈائریکٹرز جنرلز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔