بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن(اووا) کی مجلس عاملہ کی تقریب حلف برداری کا اہتمام جامعہ کے نیو کیمپس میں کیا گیا جس میںوزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے، علی نواز اعوان نے عہدیداروں سے حلف لیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ تعلیم و تربیت ہی وہ شعبہ ہے جو قوموںکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتاہے ، ان کا کہناتھا کہ نوجوانوں کی استعداد کار کو بڑھا کر ملکی ترقی کی رفتار کو دگناکیا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں جامعات کا کردار اور ذمہ داری نہایت اہم ہے ۔ انہوں نے نو منتخب ممبران کو حلف برداری پر مبارکباد پیش کی جبکہ مہمان خصوصی نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ جامعہ کی ترقی کو مقدم رکھیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے افسران پر زور دیا کہ وہ فرض شناسی اور دیانت داری کو اپنا شعار بنائیں اسی طرح جامعہ کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے کہ یہاں اتحاد و اتفاق کی فضا کو برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مجلس عاملہ کے منتخب اراکین کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ ادارے کی فلاح و ترقی کے لیے مزید عملی اقدامات کریں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے نو منتخب افسران کو مبارکباد دی اور اس عزم کو دہرایا کہ جامعہ کے عہدیداروں کو سہولت کی فراہمی اولین ہدف ہے ۔انہوں نے افسران کو جامعہ کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قابلیت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے افسران کمیونٹی سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر صدر اووا سید آصف کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے آفیسر کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ باہم اختلافات کو دور کر کے جامعہ کی ترقی کو اولین ترجیح سمجھیں۔ اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری اووا رستم خان نے ایسوسی ایشن کی تاریخ اور گزشتہ دو سال کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں جن عہدیدران نے حلف لیا ان میں سید آصف کمال بطور صدر اووا، ایاز علی نائب صدر اووا، نوشین سید نائب صدر (خواتین) جنرل سیکرٹری سید نوید اختشام ، جوائنٹ سیکرٹری سید محمد بلال شاہ ، جوائنٹ سیکرٹری خواتین مریم جاوید ، سیکرٹری خزانہ ارسلان خورشید ، کلچرل سیکرٹری اوصاف چوہدری، اور سیکرٹری انفارمیشن نعمان اعوان شامل ہیں۔ دیگر ممبران مجلس عاملہ جنہوں نے حلف لیا ان میں نعمان مشال، علی رافع، ڈاکٹر عطاالرحمن، عدیل اکبر ،جہانزیب وقاص ، عقیل احمد، عامر خان، ڈاکٹر محسن، رفیقہ نازلی ،ڈاکٹر عائشہ عروج، محمد اسماعیل اور شاذیہ سرور شامل ہیں۔
تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی کو خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا جبکہ سابق عہدیدران کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئیں۔