اسلامی یونیورسٹی:دعوة اکیڈمی کے زیر اہتمام تربیت ائمہ و خطباءپروگرام اختتام پزیر

دعوة اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام 96 واں تربیت ائمہ و خطباءپروگرام اختتام پزیر ہو گیا۔ اس کورس میں مسلح افواج ، بری ، بحری، فضائی،رینجرز اور ایف سی کے30 سے زائد آئمہ و خطباءشریک ہوئے جس کا دورانیہ 3 ماہ تھا۔

کورس کی اختتامی تقریب یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ کے نئے تعینات ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی تھے۔ نائب صدر انتظامیہ ڈاکٹر محمد منیر ،دعوہ اکیڈمی کے ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن، ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیاءالحق ، چیئرپرسن شعبہ تربیت ڈاکٹر شاہد رفیع اور دعوہ اکیڈمی کے دیگر اساتذہ و انتظامیہ کی بڑی تعداد نے ریکٹر جامعہ کی آمد کے موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں ایک بار پھر جامعہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئمہ کورس کے کامیاب انعقاد پر دعوةاکیڈمی کے انتظامات کی تعریف کی ۔ ریکٹر جامعہ نے شرکاءکورس سے مخاطب ہو کر کر کہا اس پروگرام سے آپ نے اپنے مقتدیوں کے لیے بڑا علمی سرمایہ اکٹھا کیا ہو گا۔ دعوة اکیڈمی کے اس پروگرام دعوت دین کے حوالے سے جو بھی معلوما ت آ ٓپ تک پہنچی ہے وہ آپ حکمت اور بصیرت کے ساتھ اپنے محراب و منبر کے ذریعے دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا رہن سہن، گھر اور معاملات دین کے مطابق نہیں ہوں گے ہم کامیاب نہیں ہو سکتے اور غیر مسلم کو اسلام کی دعوت اسی صورت میں ہی اپنی طرف کھینچے گی جب ہمارا قول و فعل دین کے صحیح تصور کے مطابق ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امت مسلمہ کی اس یونیورسٹی سے بڑی توقعات وابسطہ ہیں ہم دعوت دین کے دائرے کو ملک سے باہر تک لے کر جائیں گے تاکہ وہ یہاں سے تربیت حاصل کر کے اپنے اپنے ممالک میں اس ادارے کے سفیر کے طور پراس کام کو آگے بڑھائیں۔

  انہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت کے لیے اساتذہ کی تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ تعلیم و تربیت اور اخلاقی قواعد کے ساتھ وہ ایک مختلف استاد ہو گا۔ اسی صورت میں گھروں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی اور معاشرے میں تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ بعد ازاں ریکٹر جامعہ نے دعوہ کی فیصل مسجد میں بچوں کے لیے تعمیر کی گئی لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔

پروگرام کے آخر میں ریکٹر جامعہ نے شرکاءمیں تعلیمی کورس کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔